اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) عمران خان وزیر اعظم بننے کے بعد پہلی مرتبہ لاہور آئے ہیں۔ اس موقع پر مال روڈ پر روٹ لگا اور ٹریفک کو 15 سے 20 منٹ کے لیے بند کر دیا گیا جس پر عوام نے عمران خان کو آڑے ہاتھوں لے لیا۔ سوشل میڈیا پر ایک شہری نے ویڈیو بنا کر اپ لوڈ کردی اور کہا کہ عمران خان تو دعوے کرتے تھے کہ میں پروٹوکول نہیں لوں گا اور میرے پروٹوکول کی وجہ سے عوام کو تکلیف نہیں ہو گی لیکن عمران خان کی لاہور آمد
پر ٹریفک کو بند کر کے شہریوں کو مشکل میں ڈال دیا گیا۔ویڈیو میں ٹریفک وارڈن نے کہا کہ ہمیں ایس پی صاحب نے سڑک بند کرنے کا حکم دیا لہٰذا ہم نے بند کر دی۔شہریوں نے عمران خان کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ کیا یہ عمران خان کا ’’نیا پاکستان‘‘ ہے جس میں شہریوں کو مشکل میں ڈالا جا رہا ہے۔ان کی آمد پر کینال روڈ کو بند کردیا گیا۔ واضح رہے عمران خان نے پروٹوکول لینے سے انکار اور روٹ لگانے سے منع کیا تھا۔