لاہور (مانیٹرنگ+ این این آئی) تحریک انصاف کی حکومت نے ملک میں صاف ستھری ثقافت کی طرف پہلا قدم بڑھا دیا ہے، پنجاب کے وزیر اطلاعات و ثقافت فیاض الحسن چوہان نے پنجاب کے سینما گھروں سے فحش بِل بورڈز اتارنے کا حکم دے دیا۔ اس سلسلے میں باضابطہ نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے،
اس نوٹیفیکیشن میں کہا گیا ہے کہ سینما گھروں کے اندر اور باہر نامناسب سائن بورڈز نصب کیے گئے ہیں جنہیں فوری طور پر اتارا جائے۔ مزید کہا گیا ہے کہ سینما گھروں میں لگے فحش یا غیر مناسب فلم سائن بورڈز کو نامناسب ایڈورٹائزمنٹ پروبیشن ایکٹ 1963 اور پنجاب موشن پکچرز آرڈیننس 1979 کے تحت اتارا جائے گا۔ واضح رہے کہ اس سے قبل صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت فیاض الحسن چوہان میں ایک تقریب میں کہا تھا کہ پنجاب حکومت نے اسٹیج ڈراموں،سینما گھروں اور تھیٹر ہالز کے باہر لگے ہورڈنگز بورڈ زکے حوالے سے پالیسی بنانے کا فیصلہ کر لیا، فحش اور عریاں تصویر وں والے بورڈز لگانے پر پہلے جرمانہ اور اصلاح نہ کرنے کی صورت میں اسے سیل کر دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت فن اورثقافت کے نام پر کسی کو بھی بے حیائی اورفحاشی پھیلانے کی اجازت نہیں دے گی۔انہوں نے کہا کہ سینما اور تھیٹر ہالوں کے باہر لگے بورڈ زپر فحاشی اور عریانی پرنٹ ہوتی ہے۔ وارننگ کے بعد پہلے جرمانے کئے جائیں گے اور اصلاح نہ کرنے کی صورت میں اسے سیل کر دیاجائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اسٹیج ڈراموں میں سکرپٹ کے حوالے سے بھی پالیسی بنائی جائے گی۔ تحریک انصاف کی حکومت نے ملک میں صاف ستھری ثقافت کی طرف پہلا قدم بڑھا دیا ہے، پنجاب کے وزیر اطلاعات و ثقافت فیاض الحسن چوہان نے پنجاب کے سینما گھروں سے فحش بِل بورڈز اتارنے کا حکم دے دیا۔