اسلام آباد (این این آئی) الیکشن کمیشن نے سپریم کورٹ کے حکم پر عمل درآمدکیلئے ضمنی انتخابات میں ووٹ ڈالنے کیلئے اوورسیز پاکستانیوں کی رجسٹریشن شروع کرنے کا اعلان کردیا ہے۔ جمعہ کو ترجمان الیکشن کمیشن ندیم قاسم نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ اوورسیز پاکستان کی رجسٹریشن (آج) ہفتہ سے شروع ہوگی اور 15 ستمبر تک جاری رہے گی ۔انہوں نے کہا کہ ووٹرز رجسٹریشن کا آن لائن سسٹم نادرا کی مدد سے کررہے ہیں،
کئی حلقوں میں ضمنی انتخابات ہورہے ہیں ، اوورسیز پاکستانی ویب سائٹ چیک کریں۔ترجمان نے کہا کہ رجسٹریشن کے بعد انتخابی فہرستیں ریٹرننگ افسران کو دی جائیں گی ،بیرون ملک پاکستانی پاسپورٹ کے ذریعے ووٹ ڈال سکیں گے ۔انہوں نے کہاکہ ووٹر کی سہولت کیلئے نادرا کی مدد سے ویڈیو بھی تیار کی گئی ہے،ویڈیو کے ذریعے ووٹرز کو آن لائن ووٹ ڈالنے کا طریقہ کار بتایا گیا ہے ۔ندیم قاسم نے کہا کہ ضمنی انتخابات والے حلقوں میں ووٹرز کی تعداد 7 لاکھ 32 ہزار ہے ،یہ تاثر غلط ہے کہ ان پڑھ افراد ووٹ کاسٹ نہیں کرسکتے۔انہوں نے کہا کہ سمندر پار پاکستانیوں کی ووٹنگ کے پائلٹ پراجیکٹس ہیں، الیکشن کمیشن سسٹم سے مطمئن نہ ہواتوپھر نتائج کاحصہ نہیں بنایاجائیگااوورسیزووٹنگ کی رپورٹ پارلیمنٹ میں پیش کی جائے گی۔ ایک سوال کے جواب میں ندیم قاسم نے کہا کہ ان حلقوں میں اوورسیز پاکستانیز ووٹرز کی تعداد 7 لاکھ 32 ہزار ہے۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن آئین کے تحت اپنی ذمہ داری پوری کر رہا ہے اور آئی ووٹنگ بھی الیکشن ایکٹ کا حصہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ پائلٹ پراجیکٹ ہے، امید ہے کہ اس پائلٹ پراجیکٹ میں کامیابی ہو گی جس کے بعد اس پائلٹ پراجیکٹ کی رپورٹ پارلیمنٹ کو پیش کی جائے گی۔ الیکشن کمیشن پابند ہے کہ وہ اس پائلٹ پراجیکٹ کو بروئے کار لائے۔ انہوں نے کہا کہ پائلٹ پراجیکٹ کو فول پروف بنانے کے لئے اقدامات کئے گئے ہیں تاہم آئی ووٹنگ کی شفافیت متنازعہ نہ ہوئی تو اسے نتائج کا حصہ بنائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ یہ تاثر غلط ہے کہ صرف پڑھے لکھے تارکین وطن ووٹ ڈال سکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم اس سسٹم کو عام فہم بنا رہے ہیں تاکہ تمام تارکین وطن اپنے حق رائے دہی کا استعمال کر سکے۔ ووٹر کی سہولت کے لئے اہلیتی طریقہ کار اور دیگر شرائط کو اردو اور انگریزی زبان میں درج بالا ویب سائٹس پر جاری کیا جائے گا۔