اسلام آباد (نیوز ڈیسک)وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے گستاخانہ خاکوں کا مقابلہ روکنے پر کہا ہے کہ سفارتی کوششوں سے دنیا بھر کے مسلمانوں کو بڑی کامیابی ملی، دنیا بھر میں کسی بھی قسم کی نفرت انگیزی روکنے کے لیے ہم سب کو کام کرنا ہوگا۔ جمعہ کو سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بہترین ٹیم ورک پر وزارت خارجہ
کی ٹیم کا شکریہ۔ سفارتی کوششوں سے دنیا بھر کے مسلمانوں کو بڑی کامیابی ملی۔انہوں نے کہا کہ اللہ کی رحمت سے گستاخانہ خاکوں کا مقابلہ روک دیا گیا۔ یہ سب وفاقی حکومت کی موثرسفارتی کوششوں سے ممکن ہوا۔انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں کسی بھی قسم کی نفرت انگیزی روکنے کے لیے ہم سب کو کام کرنا ہوگا۔واضح رہے کہ رات گئے تحریک لبیک کی قیادت کیساتھ مشترکہ پریس کانفرنس میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ اللہ تعالیٰ نے یہ سعادت ہمارے حصے میں لکھی تھی اور ہم نے نیک نیتی کیساتھ اس حوالے سے اقدامات کئے ۔ میں نے اپنے ڈچ ہم منصب کو فون کر کے کہا تھا کہ بے شک اس مذموم کام میں آپ کی حکومت انوالو نہیں اور یہ ایک انفرادی فعل ہے تاہم کئی مرتبہ افراد کے اقدامات قوموں پر بھاری پڑ جاتے ہیں ۔ ہالینڈ کے لوگ اور مفادات دنیا بھر میں موجود ہیں جن کو شدید نقصان پہنچ سکتا ہے جبکہ یورپ میں لاکھوں کی تعداد میں مسلمان موجود ہیں اور دنیا میں بھی ان کی آبادی ایک چوتھائی سے زائد ہے ۔ اس فعل کی وجہ سے ان کے جذبات مجروح ہونگے اور نفرتیں اور انتہا پسندی میں اضافہ ہو گا۔ وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان اس معاملے کو یہیں نہیں چھوڑے گا بلکہ اقوام متحدہ کے جنرل اسمبلی اجلاس کے موقع پر سائیڈ لائن میں او آئی سی ممالک کے ساتھ ملکر مستقل ایک لائحہ عمل مرتب کیا جائے گاتاکہ اس مسئلے کا مستقل طور پر حل نکالا جا سکے۔ یہ نہیں کہ چند سال بعد پھر کوئی اٹھے اور اس طرح کے مذموم فعل کا اعلان کرے۔