لاہور (ا ین این آئی) وزیر اعظم عمران خان کے عہدے اور ان کے انتخاب کیخلاف لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کر دی گئی ۔لائرز فاؤنڈیشن فار جسٹس کے سربراہ اے کے ڈوگر ایڈووکیٹ نے وزیر اعظم عمران خان کو عہدے سے ہٹانے کیلئے درخواست دائر کی جس میں وفاقی حکومت، الیکشن کمیشن سمیت دیگرکو فریق بناتے ہوئے وزیر اعظم کے انتخاب پر اعتراضات اٹھائے گئے ہیں۔درخواستگزار نے نشاندہی کی ہے کہ وزیر اعظم کے انتخاب کیلئے ملک
کی دو بڑی سیاسی جماعتوں پیپلز پارٹی اور جماعت اسلامی کے ارکان نے قومی اسمبلی میں موجودگی کے باوجود ووٹ نہیں دیئے جبکہ قانون کے مطابق وزیر اعظم کے انتخاب کیلئے قومی اسمبلی کے ہر ر کن کا ووٹ دیناضروری ہے لیکن انہیں 69ووٹوں کے بغیر ہی وزیر اعظم منتخب کیا گیا ہے جو قانون کی منشا کے منافی ہے۔ درخواست گزار نے عدالت سے استدعا کی ہے کہ عمران خان کو وزیر اعظم منتخب کرنے کا اقدام غیر آئینی قرار دیا جائے۔