کراچی (این این آئی) سندھ ہائی کورٹ نے یلو کیب فراڈ کیس کے ملزم عبدالمجید سومرو کو 22 سال بعد بری کردیا۔تفصیلات کے مطابق سندھ ہائیکورٹ میں سابق وزیر اعظم نواز شریف کے دوسرے دور حکومت میں آنیوالی یلو کیب فراڈ سکینڈل کی سماعت ہوئی ۔عدالت نے کیس کے ملزم عبدالمجید سومرو کو 22 سال بعد بری کردیا۔کیس کے ملزم عبدالمجید سومرو کو وہیل چیئر پر عدالت میں پیش کیا گیا جہاں ان کی آنکھوں سے فیصلہ سننے کے
بعد خوشی سے آنسو نکل پڑے۔بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عبدالمجید سومرو نے کہا کہ میں بے قصور تھا اور آج عدالت سے بری بھی ہوگیا، جو لوگ ملوث تھے وہ بری ہوئے اور مجھے سزا دی گئی۔واضح رہے کہ عبدالمجید سومرو پر 1996 میں یلو کیب سکیم میں فراڈ کا الزام عائد کیا گیا تھا۔ بینکنگ کورٹ نے انہیں 7 سال قید کی سزا سنائی جس کے خلاف عبدالمجید سومرو نے 2009 میں سزا کے خلاف اپیل دائر کی تھی۔