لاہور ( این این آئی) اداکارہ نرگس نے پنجاب کے وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان کے بارے میں کہا ہے کہ آپ ذمہ دار عہدے پر ہیں، اپنے الفاظ کا چناؤ درست کریں۔سوشل میڈیا پر صوبائی وزیر اطلاعات کی جانب سے اداکارہ نرگس کے حوالے سے ایک ویڈیو بیان سامنے آیا ہے جس میں وہ کہہ رہے ہیں کہ میری کوشش تھی کہ وہ تھوڑی سی میری رینج میں آئے، میں نرگس کو حاجی نرگس نہ بناتا تو پھر آپ کہتے، وہ سال میں 30نہیں 300روزے نہ رکھتیں تو پھر آپ کہتے۔اس حوالے سے بیرون ملک مقیم اداکارہ نے بات کرتے ہوئے کہا کہ میں شوبز کو مکمل
طور پر خیرباد کہہ چکی ہوں اور اپنے گھر میں ہنسی خوشی زندگی گزار رہی ہوں۔میں نہ کسی کو ڈسکس کرتی ہوں اور نہ چاہتی ہوں کہ مجھے کوئی ڈسکس کرے۔ان کا کہنا تھا کہ ایک وزیر صاحب کا مجھ سے متعلق بیان سامنے آیا ہے، وزیر صاحب آپ ذمہ دار عہدے پر ہیں، اپنے الفاظ کا چنا درست کریں۔اداکارہ نے مزید کہا کہ منسٹر صاحب، کسی بھی گھر بیٹھی خاتون کے بارے میں ایسے الفاظ استعمال نہیں کرتے، ہر شخص عزت دارہے۔اداکارہ نے یہ بھی کہا کہ وزیر صاحب، احتیاط کریں ورنہ ہر عزت دار شخص قانونی کارروائی کا حق محفوظ رکھتا ہے۔