لاہور ( نیوز ڈیسک) ریلوے کیرن ہسپتال میں تعینات خاتون میڈیکل آفیسر نے اعلیٰ افسروں کی جانب سے ہراساں کیے جانے والوں کے خلاف کارروائی کیلئے وفاقی وزیرریلوے شیخ رشید کو تحریری درخواست کردی ۔ریلوے کیرن ہسپتال کی میڈیکل آفیسرڈاکٹر صائمہ ممتاز نے درخواست میں لکھا ہے کہ ڈی ایم اومغلپورہ میں تعینات ڈاکٹرعامرمسعود چوہدری جوکہ ایک کرپٹ شخص ہے اس نے سینٹری انسپکٹرکے ذریعے ان سے دوستی اوررشوت خوری میں مدد کی پیشکش کی جسے میں نے مسترد کردیا اور اس بارے میں اعلیٰ حکام
کوآگاہ کیا مگر ڈاکٹر عامر اور سینٹری انسپکٹر کے خلاف کوئی کارروائی نہ ہوسکی بلکہ ڈی ایس ریلوے ورکشاپ نے میرے خلاف اقدام اٹھانا شروع کردیئے۔ڈاکٹرصائمہ نے اپنی درخواست میں کہا ہے کہ ہراسانی کے واقعات سے مطلع کئے جانے کے بعد میرے دفترکو تالا لگادیا گیا اور مجھے کام کرنے سے بھی روکا گیا اور اس کے بعد میرا تبادلہ ریلوے کیرن ہسپتال میں کردیا گیا ہے۔دوسری جانب ڈاکٹرعامرسے ان کا موقف جاننے کے لیے متعدد بار رابطے کی کوشش کی گئی مگران کا موقف سامنے نہیں آسکا ہے۔