اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے یوٹیلٹی سٹورز کارپوریشن بند کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کے مشیر برائےتجارت عبدالرزاق داؤد کی جانب سے یوٹیلٹی سٹورز کارپوریشن کو خریداری بند کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔ یوٹیلٹی سٹورز پر خریداری بند ہونے کے باعث لوگوں کو اشیا کی دستیابی بند ہوجائے گی اور عملی طور پر یوٹیلٹی سٹورز کارپویشن غیر مؤثر ہو کر رہ جائے گا۔ ذرائع کے مطابق یوٹیلٹی سٹورز کارپوریشن کو
بند کرنے کا یہ پہلا قدم ہے جس کے بعد مرحلہ وار ادارے کو ختم کر کے بند کر دیا جائےگا۔ حکومت کے اس اقدام کے باعث 14 ہزار ملازمین کا مستقبل بھی داؤ پر لگ گیا ہے۔واضح رہے کہ کم آمدنی والے افراد کیلئے یوٹیلٹی سٹورز کارپوریشن کسی نعمت سے کم نہیں تھاجہاں سے اشیائے ضروریہ کی خریداری سے ان کی نہ صرف بچت ہوتی تھی بلکہ اس سے ان پر بوجھ بھی نہیں پڑتا تھا۔ واضح رہے کہ یوٹیلٹی سٹورز کارپوریشن سابق فوجی صدر جنرل ضیا کے دور میں شروع کیا گیا تھا۔