اسلام آباد(نیوز ڈیسک ) پاکستان پیپلزپارٹی کے صدارتی امیدوار اعتزاز احسن نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کے لو گ بھی مجھے ووٹ دیں گے،پی ٹی آئی کے بہت سارے دوست اپنی پارٹی کے سیاسی فیصلوں سے پریشان ہیں ،ہم کوئی خرید و فروخت نہیں کررہے میرے ساتھ آپ چوبیس گھنٹے ڈرون لگا لیں، اگر (ن) لیگ ایاز صادق اور راجہ ظفر الحق جیسے امیدوار لاتی تو ہم شاید ان کی
حمایت پر مجبور ہوجاتے، مولانا فضل الرحمن ہمارے لئے محترم ہیں لیکن ہم اس پوزیشن میں نہیں کہ انتخابات سے دستبردار ہوجائیں مجھے سب جماعتوں سے ووٹ کی توقع ہے کیونکہ یہ ضمیر کا ووٹ ہے، پرویز رشید کے بیان نے ہمیں اس نہج پر پہنچا دیا کہ ہم انتخابات میں حصہ لیں۔بدھ کو الیکشن کمیشن کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اعتزاز احسن نے کہا کہ ہم بھرپور انداز میں الیکشن لڑیں گے یہ سیکرٹ بیلٹ کے ذریعے ووٹنگ ہوگی یہ پارٹی کا ووٹ نہیں ہے سیکرٹ بیلٹ ضمیر کا ووٹ ہے۔ پی ٹی آئی ارکان کے لئے یہ وقت انصاف کرنے کا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے بہت سارے دوست اپنی پارٹی کے سیاسی فیصلوں سے پریشان ہیں لیکن یہ ان کا اندرونی معاملہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے بہت سارے ساتھی مجھے ووٹ ڈالیں گے۔ کون امیدوار موزوں ہے یہ ووٹر نے فیصلہ کرنا ہے۔ ہمیں اس بات کا نقصان ہے کہ اپوزیشن کی طرف سے اتفاق رائے سے امیدوار نہیں آئے۔ انہوں نے کہا کہ جس معاملے میں ایک رات پڑتی ہو اس معاملے کو حتمی نہیں سمجھنا چاہئے۔ انہوں نے کہا پرویز شید کی طرف سے ایک مطالبہ ہوا کہ اڈیالہ جیل جا کر معافی مانگیں ،پرویز رشید کا مطالبہ بڑا جاگیر دارانہ ہے پرویز رشید خود دانشور شخصیت ہیں لیکن ان کے علاوہ کسی اور نے یہ مطالبہ نہیں کیا۔ ہمارے پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو نے کہا کہ صدارتی امیدوار کے لئے تین نام دیں
اعتزاز‘ اعتزاز اور اعتزاز۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی نے یہ مجھ پر احسان کیا ہے، پرویز رشید کے بیان نے ہمیں اس نہج پر پہنچا دیا کہ ہم انتخابات میں حصہ لیں۔ اگر (ن) لیگ ایاز صادق اور راجہ ظفر الحق جیسے امیدوار لاتی تو ہم شاید ان کی حمایت پر مجبور ہوجاتے، مولانا فضل الرحمن ہمارے لئے محترم ہیں وہ ہنستے بھی ہیں اور ہنساتے بھی ہیں لیکن ہم اس پوزیشن میں نہیں کہ انتخابات سے دستبردار ہوجائیں مجھے سب جماعتوں سے ووٹ کی توقع ہے کیونکہ یہ ضمیر کا ووٹ ہے۔ میں (ن) لیگ کے ایم این ایز کو بھی سلام پیش کرتا ہوں۔ ہم کوئی خرید و فروخت نہیں کررہے میرے ساتھ آپ چوبیس گھنٹے ڈرون لگا لیں۔ (ن غ/ ع ا)