لاہور( این این آئی)وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے پاکپتن کے دورے کے دوران دکانیں بند کرانے اور قافلے میں زائد گاڑیاں شامل ہونے پر اظہار برہمی کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔دکانیں بند کرائے جانے کا معاملہ نوٹس میں آنے پر وزیر اعلی نے فوری طور پر دکانیں کھلوانے کا حکم دیااوروزیر اعلی کی ہدایت پر دکانیں کھول دی گئیں اوروزیر اعلی جب حضرت بابا فریدالدین گنج شکر ؒ کے مزار پر
پہنچے تو دکانیں کھلی ہوئی تھیں۔وزیراعلی نے کہاکہ آئندہ میرے دورے کے دوران اس طرح کا واقعہ پیش نہیں آنا چاہیے اورزائد گاڑیاں بھی قافلے میں شامل ہونے کی تحقیقات کی جائیں ۔انہوں نے کہاکہ مستقبل میں ایسے دوروں کے دوران صرف سیکورٹی کے لئے ضروری گاڑیاں ساتھ ہوں گی۔میرے دوروں کے دوران افسران اور دیگر لوگ ایک کوچ میں اکٹھے سفر کریں گے اور کوئی اضافی گاڑی قافلے میں شامل نہیں ہوگی۔