کراچی (این این آئی)گزشتہ مالی سال مالیاتی خسارہ مقررہ ہدف سے 780 ارب روپے زیادہ رہا، صرف خیبرپختونخوا کی حکومت کے اخراجات آمدن سے کم رہے۔ سندھ، پنجاب اور بلوچستان خسارے میں رہے۔وزارت خزانہ کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ مالی سال مالیاتی خسارہ 2260 ارب روپے تک جا پہنچا جو مقررہ کردہ 1480 ارب روپے سے 780 ارب روپے زیادہ ہے۔ معیشت کا حجم 34 ہزار 396 ارب روپے رہا، ٹیکس
آمدن 4065 ارب روپے رہی جبکہ نان ٹیکس آمدن 760 ارب روپے رہی۔گزشتہ مالی سال ٹیکس آمدن سے صوبوں کو 2217 ارب روپے دیے گئے۔ وفاق نے ترقیاتی کاموں پر 576 ارب اور صوبوں نے 880 ارب روپے خرچ کیے جبکہ دفاع کے لیے 1030 ارب روپے خرچ کیے گئے۔ پنجاب کا مالیاتی خسارہ 6.6 ارب روپے، سندھ کا مالیاتی خسارہ 42 ارب اور بلوچستان کا مالیاتی خسارہ 7.8 ارب روپے رہا جبکہ خیبرپختونخوا نے 34 ارب روپے کی بچت کی۔