اسلام آباد(آن لائن)ڈی پی او پاکپتن کی معطلی کے معاملے پر پنجاب اسمبلی میں قرارداد جمع کرا دی گئی،قرارداد مسلم لیگ (ن) کی رکن حنا پرویز بٹ کی جانب سے جمع کرائی گئی ،جس میں واقعے کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کیلئے انکوائری کا مطالبہ کیا گیا۔قرار دادمیں کہا گیا ہے کہ پولیس کو غیر سیاسی کرنے کا نعرہ لگانے والی حکومت نے قانون کی دھجیاں اڑا دیں، پولیس کے نظام میں سیاسی مداخلت کے دعوے دھرے رہ گئے ،خاور مانیکا کی انا کی خاطر ڈی پی او پاکپتن کو عہدے سے ہٹادیا گیا۔
وزیر اعلیٰ پنجاب نے ڈی پی او پاکپتن کو خاور مانیکا سے معذرت کرنے پر مجبور کیا جبکہ ڈی پی او کی جانب سے معذرت نہ کرنے پر انتقامی کارروائی کا نشانہ بنایا جاناغیر ذمے دارانہ فعل ہے۔قرار داد میں مزید کہا گیا کہ ڈی پی او پاکپتن رضوان گوندل کو فوری بحال کیا جائے ،خاور مانیکا کو پولیس اہلکاروں نے ناکے پر روکا، وزیراعلیٰ پنجاب نے انچارج پولیس آفیسر کو خاتون اول کی مداخلت پرعہدے سے ہٹادیا،حکومت اس واقعے کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کیلئے انکوائری کمیٹی بنائے ۔