لاہور ( این این آئی) پاکستان تحریک انصاف کے رہنماعبدالعلیم خان نے پنجاب کابینہ میں بطور وزیر حلف لینے سے قبل خود کو اپنے کاروبار سے الگ کرتے ہوئے تمام کمپنیوں سے استعفیٰ دیدیا۔استعفیٰ دیتے ہوئے علیم خان نے موقف اختیار کیا کہ پنجاب کابینہ میں بطور وزیر حلف لینے سے پہلے میں اپنے تمام کاروبار اور اپنی تمام کمپنیوں کی چیف ایگزیٹوشپ اور ڈائیریکٹرشپ سے مستعفی ہو گیا ہوں۔
اب کاروبار سے میرا کوئی تعلق نہیں ہوگا اور وہ صرف اور صرف پنجاب کی بہتری اور نئے پاکستان کے لیے کام کریں گے۔علاوہ ازیں وزیر بلدیات کا قلمدان سنبھالنے کے بعد عبد العلیم خان نے سرکاری گاڑی لینے سے انکار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اپنی ذاتی گاڑی استعمال کروں گا۔ ہر ماہ کی تنخواہ شوکت خانم ہسپتال کو عطیہ کروں گا ۔ انہوں نے کہا کہ مہمانوں سمیت دیگر اخراجات بھی اپنی جیب سے ادا کریں گے۔