پشاور(مانیٹرنگ ڈیسک)عید الاضحی کے موقعے پر سرکاری ملازمین کو جمعے اور ہفتے کی چھٹی کرنا گلے پڑ گیا ۔تفصیلات کے مطابق عید الاضحی کے موقعے پر سرکاری ملازمین کیلئے 2چھٹیوں کا اعلان کیاگیا تھااور سرکاری ملازمین کو عید کے تیسرے روز دفاتر میں حاضری یقینی بنانے کا حکم دیا گیاتھا لیکن متعدد سرکاری ملازمین نے نہ صرف جمعے کی چھٹی کی بلکہ ہفتے کو بھی دفاتر سے غیر حاضر رہے ۔ پشاور کے محکمہ صحت اور تعلیم میں جمعہ اور ہفتہ کے روز ڈیوٹی سے غیر حاضر ہونے والے
سرکاری ملازمین کی شامت آگئی ، تنخواہوں سے کٹوتی کی سفارش کر دی گئی ۔ سرکاری ملازمین کی تنخواہوں سے کٹوتی کیلئے مانیٹرنگ ٹیموں نے رپورٹ تیار کر لی ہے ۔مانیٹرنگ ٹیموں کے ذرائع کے مطابق جمعے اور ہفتے کو چھٹی کرنے والے محکمہ صحت کےپیرا میڈیکل سٹاف، ڈاکٹرز ، نرسز ، کلاس فور کے ملازمین جبکہ محکمہ تعلیم کے استاتذہ اور اسٹاف شامل ہیں ۔ چھٹی کرنے والےسرکاری ملازمین میں بعض کی ایک دن کی جبکہ بعض ملازمین کی دو دن کی تنخواہ کاٹنے کی سفارش بھی کر دی گئی ہے ۔