ملکوال(آن لائن)پی ٹی آئی کی طرف سے ضمنی الیکشن کیلئے نئے امیدواروں سے درخواستیں نہ لینا جمہوری اور پارلیمانی روایات کے منافی ہے،عمران خان نظریاتی اور عوام دوست کارکنان کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے پارلیمانی بورڈ کو ضمنی الیکشن کیلئے نئی درخواستیں وصول کرنے کی بھی ہدایت دیں ،
ان خیالات کا اظہار سابق ضلعی صدر پی ٹی آئی جہلم و بانی رہنما سکندر حیات گوندل نےمیڈیا سے گفتگو کے دوران کیا۔انہوں نے کہا کہ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان اس موقع پر ان لوگوں کو بھی یادرکھیں جنہوں سال ہا سال تحریک انصاف کیلئے خدمات سرانجام دی ہیں۔سکندر گوندل نے کہا کہ جنرل الیکشن کے لئے ماہ رمضان کے آخری عشرہ میں کاغذات نامزدگی جمع کروانے اور پی ٹی آئی ٹکٹ کیلئے درخواستوں کا پراسس شروع ہوا تھا اور متعددپی ٹی آئی کارکنان اس وقت عمرہ کی ادائیگی کیلئے سعودی عرب میں تھے جس وجہ سے وہ پارٹی ٹکٹ اپلائی نہیں کرسکے ،لہٰذا اب ضمنی الیکشن کیلئے اگر پارٹی کارکنان یا پی ٹی آئی کے نظریاتی رہنما الیکشن لڑنے کے خواہاں ہیں تو پی ٹی آئی قیادت کو انکی درخواستیں بھی لینی چاہیءں کیونکہ یہ ہی جمہوری روایات ہیں۔سکندر گوندل نے کہا کہ ضمنی الیکشن میں پی ٹی آئی کے نئے اور پرانے امیدواروں کے انٹرویو لے کر میرٹ پر ٹکٹ دیئے جائیں۔