اسلام آباد(آن لائن) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ حکمرانوں کو عوام کے لئے مثالی ہونا چاہئے عوام کو حکومت سے بہت سی توقعات ہیں تبدیلی لا کر دکھائیں گے شاہانہ اخراجات کی روایات ختم کی جائیں اتوار کو وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت پنجاب کا بینہ سے متعلق مشاورتی اجلاس ہو ا، عمران خان نے کہا کہ سابق حکمرانوں کی شاہانہ اخراجات کی روایت ختم کی جائیں حکمرانوں کو عوام کے لئے مثالی ہونا چاہئے عوام نے حکومت سے بہت سی توقعات وابستہ کر رکھی ہیں
عوام کو ہم سے تبدیلی کی امید ہے ہم تبدیلی لا کر دکھائیں گے وزراء میرٹ اور گڈ گورننس کو یقینی بنائیں،دریں اثناء وزیراعظم عمران خان نے پنجاب کابینہ کے لیے 30 ارکان اسمبلی کے انٹرویوز مکمل کرلیے،پنجاب کابینہ کے لیے حتمی ناموں کا اعلان (آج) پیر کو کیا جائے گا۔وزیراعظم کی زیر صدارت پنجاب کابینہ پر مشاورت کے لیے انتہائی اہم اجلاس ہوا جس میں وزیراعلی عثمان بزداری سمیت مجوزہ کابینہ اراکین بھی شریک تھے۔ اجلاس میں عبدالعلیم خان، یاسمین راشد، میاں محمود الرشید، میاں اسلم اقبال، فیاض الحسن چوہان، راجابشارت، حنیف پتافی اور دیگر بھی شریک تھے۔ وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار نے صوبائی کابینہ سے متعلق عمران خان کو بریفنگ دی جس کے بعد وزیراعظم نے پنجاب کابینہ کے لیے 30 ارکان اسمبلی کے انٹرویوز بھی کیے۔ علیم خان اور میاں محمودالرشید کو سینئر صوبائی وزیر بنائے جانے کا امکان ہے جب کابینہ میں یاسمین راشد، اسلم اقبال، فیاض الحسن چوہان، راجا بشارت، حنیف پتافی اور مراد راس کو بھی شامل کیا جاسکتا ہے۔ پنجاب کابینہ کے لیے حتمی ناموں کا اعلان (آج) پیر کو کیا جائے گا اور پہلے پہلے مرحلے میں پنجاب کابینہ میں 15 سے 20 وزرا شامل کیے جائیں گے۔