سکھر(نیوز ڈیسک ) ایف آئی اے اور رینجرز کی بھاری نفری نے منی لانڈرنگ کیس میں نامزد ملزم اومنی گروپ کے مالک انور مجید کی کھوسکی شوگر مل پر چھاپہ مار کر 4 افسر کو گرفتار کر لیا ۔پولیس ذرائع کے مطابقسابق صدر آصف علی زرداری کے قریبی ساتھی اور اومنی گروپ کے مالک انورمجید کی کھوسکی شوگرمل پر ایف آئی اے اور رینجرز نے چھاپہ مارا ہے۔ کھوسکی ٹا ئو ن میں واقع شوگر مِل پر ایف آئی اے کی 2 اور رینجرز کی 7 گاڑیاں پہنچیں۔ چھاپے سے
قبل مِل کے تمام داخلی و خارجی راستے بند کردیئے گئے۔چھاپا مار ٹیم کے ہمراہ سندھ بینک کا عملہ بھی موجود تھا۔ سیکورٹی اہلکاروں نے شوگر مل کے ریکارڈ روم کی تلاشی لی اور دستاویزات کی چھان بین کی۔ اس موقع پر ریکارڈ روم کے گرد اہلکار تعینات رہے اور کسی کو قریب جانے کی اجازت نہیں دی گئی۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے شوگر مل کے آئی ٹی انچارج عبدالرشید آرائیں، اکانٹنٹ افتخار احمد، ایڈمن افسر سوڈل رند اور انجینیئرجاوید کو گرفتار کرلیا۔