نئی دہلی(نیوز ڈیسک)ٹرینو ں میں سفر کے دوران مسافروں کوملک کے نامور ہوٹلوں اور طیاروں میں فراہم کئے جانے والے ذائقے دار کھانے پیش کئے جائیں گے۔ میڈیارپورٹس کے مطابق وزیر اعظم کوشل وکاس اسکیم کے تحت آئی آر سی ٹی سی کے ملازمین کو عالمی سطح پر تربیت دی جارہی ہے تاکہ ریلوے کا سفرعمدہ اور خوشگوار بنایا جائے۔نئے اقدامات کے تحت کمپنی کے ملازمین کو
مثالی رویہ اپنانے اور ادب و احترام سے پیش آنے کا سلیقہ سکھایاجائے گاجس سے ٹرین میں بہترین سہولتیں مہیا کرکے مسافروں کے سفر کو یادگار بنایا جاسکے۔اسکل انڈیا مشن کے جنرل سکریٹری نے بتایا کہ فی الحال1500افراد کو تربیت میں شریک کیا گیا ہے۔دوسرے مرحلے میں 30ہزار ملازمین کو تربیت دینے کا پروگرام ہے۔ تربیت حاصل کرنیوا لے پہلے مرحلے کے 1500ملازمین کو اکتوبر تک ٹرینوں میں تعینات کردیا جائیگا۔واضح رہے کہ حال ہی میں پاکستان میں بھی نئی حکومت معرض وجود میں آچکی ہے اور وزیراعظم عمران خان کی کابینہ کے وزرا نے حلف اٹھانے کے بعد اپنی اپنی ذمہ داریاں سنبھال لی ہیں اور وزیر ریلوے بننے والے عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے باقاعدہ طور پر چارج سنبھالنے کے بعد ریلوے میں انقلابی تبدیلیوں کا عندیہ دیتے ہوئے 2نئی ٹرینیں چلانے جبکہ ریلوے کی زمینوں پر فائیو سٹار ہوٹلز اور پلازے تعمیر کرنےکا اعلان کیا ہے۔شیخ رشید نے وزارت کا چارج سنبھالنے اور ریلوے ہیڈکوارٹر لاہور کا دورہ کرنے سے پہلے راولپنڈی سے لاہور تک کا سفر ٹرین میں کیا تھا اور ریلوے ہیڈکوارٹرز کا دورہ کرنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ وہ ریلوے کے مستقبل کے حوالے سے پر امید ہیں ۔ اس موقع پر انہوں نے ریلوے کا خسارہ کم اور آمدن میں اضافے کیلئے اقدامات کا بھی اعلان کیا تھا۔ شیخ رشید نے اس موقع پر نجی شعبے کی مدد سے ریلوے کی آمدن میں اضافے کا اعلان کیا۔ انہوں نے نجی شعبے کو دعوت دیتے ہوئے کہا تھا کہ نجی شعبہ آگے آئے ہم ریلوے ٹریک، ٹرینز اور ریلوے ستیشن تک نجی شعبے کو دینے کیلئے تیار ہیں۔