اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان کے وزیر خزانہ اسد عمر کا کہنا ہے کہ سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے بیرون ملک موجود پاکستانیوں کے دو سو ارب ڈالر ملک واپس لانے کے لیے کوئی اقدامات نہیں کیے، انہوں نے کہا کہ بیرون ممالک میں پاکستانیوں کی کتنی جائیدادیں ہیں اس بارے بھی مکمل معلومات نہیں، انہوں نے کہا کہ پاکستانیوں کی صرف دبئی میں 8 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری ہے۔ اسد عمر نے اپنی وزارت خزانہ کے پہلے دن بڑے فیصلے کیے، انہوں نے سمندر پار پاکستانیوں کے لیے بانڈز، منی لانڈرنگ روکنے کے
لیے ٹاسک فورس قائم کر دی ہے۔ اسد عمر نے چارج سنبھالنے کے بعد وزارت خزانہ کے دورہ کے موقع پر میڈیا نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ کابینہ سے منظوری کے بعد اوورسیز پاکستانیوں کے لیے بانڈز اور سکوک جاری کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ منی لانڈرنگ کی روک تھام کے لیے قائم کی گئی ٹاسک فورس دو ہفتوں میں اپنی رپورٹ پیش کرے گی۔ وزیر خزانہ اسد عمر نے کہا کہ پی آئی اے اور سٹیل ملز میں سے کسی کو نہیں نکالا جائے گا اور نہ ہی وزیراعظم ہاؤس کا عملہ بے روزگار ہوگا۔