اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک)اڈیالہ جیل میں سابق وزیراعظم نواز شریف ، مریم نواز اور کیپٹن صفدر سے ملاقات کرنے والوں کا تانتا بندھ گیا، جیل انتظامیہ نے کئی اہم شخصیات کو ملاقات سے روک دیا، محمود خان اچکزئی، جاوید ہاشمی اور وزیراعظم آزادکشمیر فاروق حیدر ملاقات کئے بغیر ہی روانہ ہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق اڈیالہ جیل میں قید سابق وزیراعظم نواز شریف،
مریم نواز اور کیپٹن صفدر سے ملاقات کیلئے جیل انتظامیہ نے آج جمعرات کا دن مختص کر رکھا ہے ۔ آج بھی نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن صفدر سے ملاقات کرنیوالے افراد کا تانتا بندھا رہا جن میں ان کے اہلخانہ کے علاوہ اہم سیاسی شخصیات بھی شامل تھیں تاہم کئی اہم شخصیات کو جیل انتظامیہ نے نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن صفدر سے ملاقات سے روک دیا۔ ان شخصیات میں پشتونخواہ میپ کے سربراہ محمود خان اچکزئی ،سینئر سیاستدان جاوید ہاشمی اور وزیراعظم آزادکشمیر راجہ فاروق حیدر بھی شامل تھے۔ محمود خان اچکزئی نے ملاقات سے روکے جانے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ کونسا طریقہ اور قانون ہے کہ جیل انتظامیہ ہمیں نواز شریف سے ملاقات سے روک رہی ہے ۔ انہیں اس بات کا جواب سینٹ کی استحقاق کمیٹی کے سامنے دینا پڑے گا۔ ملاقات نہ ہونے پر جاوید ہاشمی نے شدید غصے کا اظہار کرتے ہوئے اپنی گاڑی جیل کے گیٹ کے سامنے کھڑے کرتے ہوئے گاڑی ہٹانے کیلئے ملاقات کی شرط رکھ دی جبکہ وزیراعظم آزادکشمیر راجہ فاروق حیدر نہایت غصے میں واپس روانہ ہو گئے۔واضح رہے کہ گزشتہ جمعرات کو بھی جیل انتظامیہ کی جانب سے کئی شخصیات کو ملاقات سے روک دیا گیا تھا جس پر شدید ردعمل دیکھنے میں آیا تھا۔ملاقات کی اجازت نہ ملنے پر کئی شخصیات نے شدید احتجاج کرتے ہوئے جیل انتظامیہ کے اس روئیے کو نامناسب اور خلاف آئین و قانون قرار دیا تھا۔