اسلام آباد(آن لائن) چیف جسٹس کیخلاف توہین آمیز اور بداخلاقی کی زبان استعمال کرنے والوں کیخلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔ تھانہ سیکرٹریٹ پولیس نے ملزمان کی شناخت کر کے گرفتاری کے لئے چھاپے مارنے شروع کر دیئے ہیں۔ ایف آئی آر نمبر 164 کے متن کے مطابق مذکورہ باد شخص کی شناخت محمد امتیاز راجہ کی شناخت ہوگئی ہے جبکہ اس کے ساتھ نعرے بازی اور غلیظ زبان استعمال کرنے والی خاتون کی وڈیو کلپ سے کوثر گیلانی اسلام آباد کے نام سے شناخت ہوئی ہے ۔
گزشتہ روز اپوزیشن کی جانب سے الیکشن کمیشن کے سامنے احتجاج کیا گیا جس میں فاضل چیف جسٹس آف پاکستان کے خلاف نازیبا زبان استعمال کی گئی ۔ مظاہرین جنہوں نے پاکستان پیپلزپارٹی کے جھنڈے اٹھا رکھے تھے کے خلاف انسداد دہشتگردی کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے ۔ پولیس کے ذمہ دار افسر نے آن لائن کو بتایا کہ نازیبا الفاظ استعمال کرنے والوں کو جلد گرفتار کر کے انسداد دہشتگردی کورٹ میں پیش کیا جائے گا ۔