اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) میں استعفیٰ دیدوں گا اگر وعدے پورے نہیں کئے، پی ٹی آئی کے ٹکٹ پرکراچی سے کامیاب ہونیوالے معروف ماڈل عباس جعفری نے قیادت کو دھمکی دیدی ۔ پاکستان کے معروف انگریزی اخبار ایکسپریس ٹریبون کی رپورٹ کے مطابق پاکستان کے سب سے بڑے ایوارڈ شو لکس سٹائل ایوارڈ دو مرتبہ جیتنے والے پی ٹی آئی کے ٹکٹ پر کراچی سے کامیاب ہونیوالے
ماڈل عباس جعفری نے دو ٹوک اعلان کرتے ہوئے قیادت پر واضح کر دیا ہے کہ اگر تحریک انصاف کی حکومت عوام سے کئے گئے وعدوں کے مطابق کارکردگی دکھانے میں ناکام ہوئی تو وہ سندھ اسمبلی کی رکنیت سے استعفیٰ دیدیں گے۔ 26سالہ عباس جعفری سندھ اسمبلی کے سب سے کم عمر نو منتخب رکن اسمبلی ہونے کیساتھ شوبز سے تعلق رکھنے والے واحد شخص ہیں جو اس الیکشن میں سندھ اسمبلی کا حصہ بنے ہیں۔ عباس جعفری نے حلقہ پی ایس 125سے پی ٹی آئی کے ٹکٹ پر الیکشن میں حصہ لیا تھا ، اس حلقے کو ایم کیو ایم کاگڑھ سمجھا جاتا ہے انہوں نے 30ہزار 687ووٹ حاصل کر کے ایم کیو ایم کے عبدالحسیب کو شکست دی ہے جنہوں نے ان کے مقابلے میں 26ہزار 818ووٹ حاصل کئے تھے۔ سیاسی نکتہ نظر سے عباس جعفری کی جیت کو پی ٹی آئی کے ٹکٹ کی مرہون منت قرار دیا جا رہا ہے تاہم اس حوالے سے عباس جعفری نے اپنی جیت کا تمام کریڈٹ اپنی خواتین مداحوں کے پلڑے میں ڈالتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی جیت میں اہم کردار ان کی خواتین مداحوں نے ادا کیا ہے۔واضح رہے کہ عمران خان الیکشن میں جیت کے بعد اپنی پہلی تقریر میں پاکستان کی عوام سے خطاب کرتے ہوئے کہہ چکے ہیں کہ وہ سادگی اختیار کرتے ہوئے عوامی ٹیکس کے محافظ کا کردار ادا کرینگے اور پولیسنگ اور ٹیکس نظام میں اصلاحات لائیں گے۔