راولپنڈی(مانیٹرنگ ڈیسک)ایون فیلڈ ریفرنس میں سزا پانے والے سابق وزیراعظم نوازشریف، بیٹی مریم نوازاور داماد کیپٹن (ر) صفدرحسین سے آج ملاقات کا دن ہے۔ میاں نوازشریف، مریم نواز اور کیپٹن ریٹائرڈ صفدرکو سیلز سے نکال کر کانفرنس روم میں بیٹھا دیا گیا ہے۔جیل انتظامیہ نے میاں نوازشریف سے ملاقات کرنے والوں کی فہرست مرتب کررکھی ہے جب کہ لیگی رہنماوں کی
بڑی تعداد کی اڈیالہ جیل آمد متوقع ہے تاہم صرف ان لیگی رہنماوں کی کرائی جائے گی جن کا نام فہرست میں ہوگا۔ ملاقات کا وقت شام 4 بجے تک رکھا گیا ہے۔اڈیالہ جیل کا گیٹ نمبر5 ملاقاتیوں کی گاڑیوں کے لیے مختص کردیا گیا ہے جب کہ جیل کے اندر اورباہرسیکورٹی کے سخت انتظامات کیے گے ہیں۔واضح رہے کہ سابق وزیراعظم میاں نواز شریف اور بیٹی مریم نواز کو اڈیالہ جیل میں قید ہوئے 4 ہفتے ہوگئے ہیں۔دوسری جانب محمود خان اچکزئی ، غلام احمد بلور، امیر مقام،سابق گورنر سندھ محمد زبیر ملاقات کیلئے اڈایالہ جیل پہنچ گئے۔تفصیلات کے مطابق نوازشریف سے ملاقات کیلئے اڈیالہ جیل آنے والوں کا سلسلہ جاری ہے، محمود خان اچکزئی ، غلام احمد بلور، امیر مقام،سابق گورنر سندھ محمد زبیر ملاقات کیلئے اڈایالہ جیل پہنچ گئے۔اس کے علاوہ طارق فاطمی، محسن شاہ نواز رانجھا، زاہد حامد،عثمان کاکڑ اوربرجیس طاہراپنے قائد سے ملاقات کیلئے اڈیالہ جیل پہنچ گئے ہیں۔خیال رہے کہ حاصل بزنجو آج نواز شریف سے ملاقات کیلئے اڈیالہ جیل نہیں آئے ، نواز شریف کے دور اقتدار میں حاصل بزنجو نوازحکومت کے اہم اتحادی اور صلاح کار رہے ہیں جبکہ نواز شریف بھی ان پر اعتماد کرتے تھے۔یاد رہے کہ نواز شریف کو چند روز قبل دل میں تکلیف کے باعث پمز ہسپتال منتقل کیا گیا تھا جہاں ڈاکٹرز کی ٹیم نے ان کا طبی معائنہ کیا تھا ۔ طبی معائنے کے بعد سابق وزیراعظم نواز شریف نے فوری طور پر اڈیالہ جیل منتقلی کی ضد کی تھی جس کے بعد ان کو واپس اڈیالہ جیل منتقل کر دیا گیا تھا۔ ڈاکٹرز نے ہسپتال سے ریلیز کرتے وقت رپورٹ میں لکھا تھا کہ نواز شریف کو ان کی خواہش پر واپس اڈیالہ جیل منتقل کیا جا رہا ہے جس کے ذمہ دار وہ خود ہونگے۔