پشاور(آن لائن) خیبر پختونخوا کے نامزد وزیراعلیٰ محمود خان سابق دو رمیں سپورٹس فنڈ کے18لاکھ روپے خورد برد کر کے اپنے اکاؤنٹ میں جمع کروانے کے الزامات کا سامنا کر چکے ہیں۔ تحقیقاتی کمیٹی نے ا نہیں الزامات سے بری اور 3افسران کو معطل کر دیا تھا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق خیبر پخوانخواہ کے نامزد وزیراعلیٰ محمود خان بطور وزیر کھیل اور آبپاشی الزامات کا سامنا کر چکے ہیں۔ محمود خان پر سپورٹس فنڈز کے 18لاکھ روپے اپنے ذاتی اکاؤنٹ میں جمع کروانے
کا الزام تھا۔ محمود خان نے اپنی غلطی تسلیم کر لی تھی اور تحقیقاتی کمیٹی نے انہیں الزامات سے بری کر دیا تھا اور خیبر پختونخوا محکمہ سپورٹس کے 3افسران کو معطل کر دیا تھا۔ محمود خان پی کے 9سوات سے صوبائی اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے ہیں اور یہ دوسری بار صوبائی اسمبلی کے رکن بنے ہیں۔ محمود خان خیبر پختونخوا کے سابق وزیر کھیل و آبپاشی ہیں اور اس بار تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے انہیں خیبر پختونخوا کا وزیراعلیٰ نامزد کیا ہے۔