اسلام آباد(آئی این پی)گرینڈ اپوزیشن الائنس عام انتخابات میں مبینہ دھاندلی کیخلاف(آج)بدھ کو ریڈ زون میں موجود الیکشن کمیشن کے مرکزی آفس جبکہ (کل)جمعرات کو ملک بھر میں دیگر شہروں میں صوبائی الیکشن کمیشنز کے دفاتر کے باہر احتجاج کریگی۔مسلم لیگ(ن)،ایم ایم اے ،اے این پی اور دیگر اپوزیشن جماعتوں نے اپنے تمام ٹکٹ ہولڈز اور کارکنوں کو احتجاج میں بھرپور شرکت کرنے کی ہدایت کر دی،
الیکشن کمیشن نے اپوزیشن کے ممکنہ احتجاج کی صورت میں اسلام آباد انتظامیہ کو سیکیورٹی کے مربوط انتظامات کرنے کی ہدایت کر دی ہے، ریڈزون کو سیل کرنے کا بھی امکان ہے۔ذرائع کے مطابق متحدہ اپوزیشن الائنس کی تشکیل کردہ16رکنی ورکنگ کمیٹی نے اپنے گزشتہ اجلاس میں پارلیمنٹ کے اندر اور باہر عام انتخابات میں مبینہ دھاندلی کیخلاف احتجاج کا اعلان کیا تھا ۔ ورکنگ کمیٹی نے 8اگست کو ریڈ زون میں موجود الیکشن کمیشن کے مرکزی آفس جبکہ 9اگست کو ملک بھر میں دیگر شہروں میں صوبائی الیکشن کمیشنز کے دفاتر کے باہر احتجاج کا اعلان کیا تھا۔ذرائع کے مطابق مسلم لیگ(ن)،ایم ایم اے ،اے این پی اور دیگر اپوزیشن جماعتوں نے اپنے تمام ٹکٹ ہولڈز اور کارکنوں کو (آج)بدھ کواحتجاج میں بھرپور شرکت کرنے کی ہدایت کر دی ہے،ذرائع کے مطابق اپوزیشن جماعتوں کے مرکزی رہنما احتجاج میں شرکت کیلئے اسلام آباد پہنچ چکے ہیں۔دوسری جانب الیکشن کمیشن نے اپوزیشن کے ممکنہ احتجاج کی صورت میں اسلام آباد انتظامیہ کو سیکیورٹی کے مربوط انتظامات کرنے کی ہدایت کر دی ہے، ڈپٹی کمشنر اسلام آباد نے الیکشن کمیشن کا دورہ کیا اور سیکیورٹی معاملات کا جائزہ لیا،ذرائع کے مطابق احتجاج کے دوران ریڈزون کو سیل کرنے کا بھی امکان ہے۔