اسلام آباد (این این آئی)پاکستان تحریک انصاف کے ترجمان فواد چودھری نے چیف جسٹس آف سپریم کورٹ سے انتخابی نتائج کے معاملے پر الیکشن کمیشن اور ماتحت عدالتوں کی جانب سے پیدا کئے جانیوالے تعطل کا خود جائزہ لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ انتخابات کے بعد انتقال اقتدار کو انتہائی سنجیدگی سے لینے کی ضرورت ہے۔ منگل کو جاری بیان میں ترجمان پاکستان تحریک انصاف فواد چودھری نے الیکشن کمیشن کی جانب سے کچھ اراکین بشمول چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کے انتخابی نوٹیفکیشن کو
روکنے سے متعلق معاملے پر کہا کہ انتقال اقتدار میں تعطل سے ملک اور عوام براہ راست متاثر ہوتے ہیں اور اس سے معاشی اور پالیسی سے متعلق مسائل مزید پیچیدہ ہونے کے امکانات ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ سب مسائل براہ راست ملک پر شدت سے اثر انداز ہو سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس تعطل اور تاخیر سے انتخابات پر شکوک و شبہات جنم لیں گے ۔اس لئے آج ایک بار پھر چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ثاقب نثار سے استدعا ہے کہ وہ الیکشن کمیشن اور ماتحت عدالتوں کی جانب سے پیدا کئے جانے والے تعطل کا خود جائزہ لیں۔