لاہور ( این این آئی) لاہور ہائیکورٹ نے حلقہ این اے 106 فیصل آباد سے تحریک انصاف کے امیدوار نثار جٹ کی مسلم لیگ (ن) کے رہنما رانا ثنا اللہ کی نااہلی کے لیے دائر درخواست مسترد کردی۔لاہور ہائیکورٹ نے الیکشن کمیشن کو این اے 106سے مسلم لیگ (ن) کے رہنما رانا ثنا اللہ کی کامیابی کا نوٹیفکیشن جاری کرنے سے روک دیا تھا۔این اے 106 فیصل آباد سے پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار ڈاکٹر نثار نے درخواست دائر کی تھی جس میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ
رانا ثنا اللہ نے نواز شریف کے استقبال کوحج کے مترادف قرار دیا تھا۔درخواست میں کہا گیا تھا کہ رانا ثنا اللہ نے آئین کے آرٹیکل 62،63 کی خلاف ورزی کی ہے لہٰذا انہیں نااہل قرار دے کر بطور رکن قومی اسمبلی کامیابی کا نوٹیفکیشن روکا جائے۔لاہور ہائیکورٹ نے پی ٹی آئی کے ڈاکٹر نثار احمد کی درخواست ناقابل سماعت قرار دے کر خارج کردی ہے۔ یاد رہے کہ عام انتخابات میں این اے 106 پر رانا ثنا اللہ خان نے پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار ڈاکٹر نثار کو شکست دی تھی۔