اسلام آباد(آئی این پی )صدر مملکت ممنون حسین نے انتخابی مہم کے دوران بڑھتے ہوئے تشدد پر تشویش اور خیبر پختونخواہ میں اکرام اللہ گنڈا پور اور اکرم خاں درانی پر حملوں پر افسوس کا اظہار کیا ہے، انھوں نے ان حملوں میں ایک انتخابی امید وار اکرام اللہ گنڈا پور کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا، ان کے بلندی درجات کے لیے دعا کی اور اہل خانہ سے اظہار ہمدردی کیا۔ ایوان صدر سے اتوار کو جا ری کر دہ بیان میں کہا گیا ہے کہ صدر مملکت نےمتعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ وہ انتخابی امیدواروں سمیت وطن
عزیز کے ہر شہری کی جان و مال کی حفاظت کو یقینی بنائیں تاکہ پرامن انتخابات کا انعقاد یقینی بنایا جاسکے انھوں نے کہا کہ انتخابی عمل کے دوران عدم برداشت کا بڑھتا ہوا رجحان انتہائی تکلیف دہ ہے جس کے نتیجے میں سیاسی عمل مزید پیچیدگی کا شکار ہو جائے گا۔ انھوں نے کہا کہ عبوری حکومت اور تمام متعلقہ قومی اداروں کی یہ پہلی ذمہ داری ہے کہ انتخابی و سیاسی عمل کو شفاف، غیر جانبدار اور منصفانہ بنانے کی راہ میں حائل تمام رکاوٹیں دور کریں تاکہ ملک کو ماضی کے تلخ تجربات کے بد صورت نتائج سے محفوظ رکھا جاسکے۔