کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک) سکیورٹی فورسز نے عام انتخابات کے دوران انتخابی مہم پر حملوں کی کوشش ناکام بنا دی،کالعدم تنظیموں کے 4مبینہ دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا گیا ،یہ کارروائی سی ٹی ڈی نے شاہ فیصل کالونی میں کی۔اطلاعات کے مطابق کاونٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ نے کراچی کے علاقے شاہ فیصل کالونی میں کارروائی کرتے ہوئے کالعدم تنظیم کے 4 مبینہ دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا ہے جو انتخابات سے قبل سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں کو نشانہ بنانے کے علاوہ تخریب کاری کی
وارداتیں کرنا چاہتے تھے۔پولیس کے مطابق گرفتارچاروں دہشت گردوں نے افغانستان سے دہشت گردی کی تربیت حاصل کی اور ان دہشت گردوں کا تعلق کالعدم تنظیموں تحریک طالبان، لشکر جھنگوی اور انصارالشریعہ سے ہے۔ایس ایس پی سی ٹی ڈی جنید شیخ نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ گرفتار ہونے والے دہشت گردوں کی شناخت ابوبکر ، محمد جواد ، ابراہیم اور فہد سے ہوئی ہے۔مبینہ دہشت گرد سولہ ماہ سے کراچی کے علاقے شاہ فیصل کالونی میں واقع ایک مدرسے میں رہ رہے تھے۔