پشاور (مانیٹرنگ ڈیسک) تحریک انصاف کی خیبرپختونخوا حکومت ختم ہو چکی ہے لیکن خیبرپختونخوا اسمبلی کے سابق سپیکر اسد قیصر کے زیر استعمال ابھی تک دس گاڑیاں ان میں ایک بلٹ پروف گاڑی بھی شامل ہے۔ سابق سپیکر صرف دو گاڑیاں رکھ سکتے ہیں لیکن ان کی شاہ خرچیاں حکومت پر بھاری پڑ رہی ہیں، ایک نجی ٹی وی چینل کی رپورٹ کے مطابق سابق سپیکر اسد قیصر اسمبلی رولز کے برخلاف دس گاڑیاں استعمال کر رہے ہیں، رولز کے مطابق سپیکر صرف
دو گاڑیاں استعمال کر سکتا ہے۔ ان گاڑیوں میں وہ بُلٹ پروف گاڑی بھی شامل ہے جو ایک سفید ہاتھی بن گئی ہے۔ اس بلٹ پروف گاڑی کا صرف چھ ماہ کا خرچ 32 لاکھ روپے ہے جس میں گاڑی کا فیول اور مرمت بھی شامل ہے۔ اس کے علاوہ سابق سپیکر اسد قیصر کے استعمال میں آنے والی دیگر چار گاڑیوں کے چھ ماہ اخراجات 35 لاکھ 55 ہزار روپے سے زائد بنتے ہیں۔سابق سپیکر اسد قیصر حکومت ختم ہونے کے باوجود سرکاری خزانے پر بوجھ بنے ہوئے ہیں۔