اسلام آبا (مانیٹرنگ ڈیسک )ایف آئی اے سائبر کرائم سرکل کی کارروائی، خود کو فیس بک پر امریکی فوج کا جنرل ظاہر کر کے فراڈ کرنیوالا غیر ملکی گروہ گرفتار۔ تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے سائبر کرائم سرکل کے ڈپٹی ڈائریکٹر شاہد حسن کے مطابق خود کو فیس بک پر امریکی فوج کا جنرل ظاہر کر کے فراڈ کرنیوالا غیر ملکی گروہ گرفتارکر لیا گیا ہے۔ گینگ نائیجیرین باشندوں پر مشتمل تھا
جو کہ لوگوں کو پیسوں کا لچ دیکر لوٹتا تھا، گینگ نے جعلی دستاویزات بھی تیار کر رکھی تھیں جبکہ وارداتوں کیلئے غیر قانونی سم کا استعمال کرتے تھے۔ پاکستان کے مؤقر قومی اخبار کی رپورٹ کے مطابق گینگ نے انعام کا لالچ دے کر متاثرہ شخص سے 84 ہزار روپے کی پہلی قسط منگوائی،گینگ کی جانب سے ایک لاکھ 90 ہزار روپے کا دوبارہ تقاضا کیا گیا،غیر ملکی گینگ کے ایک رکن نے خود کو کسٹم آفیسر ظاہر کیا، اور تین لاکھ 84 ہزار روپے کا مطالبہ کیا۔ ڈپٹی ڈائریکٹر شاہد حسن نے عوام سے درخواست کی ہے کہ فیس بک پر کسی غیر متعلقہ شخص کو ایڈ نہ کریں،عوام کسی سے اپنی نجی معلومات شیئر نہ کریں،اس طرح کے مجرمان خود کو جعلی آرمی افسر ظاہر کرتے ہیں،شہریوں سے نجی معلومات لے کر ان کو لوٹتے ہیں۔ واضح رہے کہ آئی ایس پی آر کی جانب سے بھی عوام کو متنبہ کیا گیا تھا،سائبر فراڈ کے بہت سے طریقہ کار ہیں،آن لائن شاپنگ میں بھی فراڈ کیا جاتا ہے، جو دکھایا جاتا ہے وہ بھیجا نہیں جاتا،خود کو غیر ملکی ظاہر کر کے بھی لوگوں کو مختلف ہتھکنڈے اپنا کر لوٹا جاتا ہے،شہریوں سے نجی معلومات لے کر بلیک میل بھی کیا جاتا ہے،سائبر فراڈ کے ذریعے کروڑوں روپے لوٹے گئے ہیں۔جعلی سموں سے اب تک چھٹکارا حاصل نہیں ہو سکا ہے۔خیال رہے کہ گزشتہ ہفتے پہلی مرتبہ فیس بک اتھارٹی نے پاکستان کا دورہ کیا،فیس بک کے وفد سے ڈی جی ایف آئی اے کے مذاکرات ہوئے ہیں۔