اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) عمران خان کی رات گئے پاکپتن میں اہلیہ بشریٰ بی بی کے ہمراہ درگاہ بابا فرید گنج شکرؒ کے مزار پر حاضری۔ سجادہ نشین درگاہ احمد مسعودچشتی نے کپتان کی دستار بندی کی، دونوں کے درمیان ون ٹوون ملاقات۔ تفصیلات کے مطابق چیئرمین تحریک انصاف عمران خان اپنی اہلیہ بشریٰ بی بی کے ہمراہ رات گئے بابا فریدگنج شکرؒ کے مزار پر حاضری دینے کیلئے پاکپتن پہنچے جہاں عمران خان اور ان کی اہلیہ نے مزار بابا فرید گنج شکرؒ کے مزار پر حاضری دی ، چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔
اس موقع پر صوبائی اسمبلی کے حلقے پی پی 192 سے پی ٹی آئی کے امیدوار دیوان عظمت سید محمد چشتی بھی عمران خان کے ہمراہ تھے۔عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی نے بہشتی دروازے کے سامنےپہنچ کر مزار کی طرف منہ کر کے سجدہ کیا جس کے بعد عمران خان نے بھی یہی عمل دہرایا۔ عمران خان نے درگاہ میں تبرکات تقسیم کیے اور فاتحہ خوانی کی۔درگاہ کے سجادہ نشین دیوان احمد مسعود چشتی نے عمران خان کی دستاربندی کی۔ دیوان احمد مسعود چشتی سے ملاقات کے بعد پی ٹی آئی چیئرمین وہاں سے روانہ ہوگئے۔