اسلام آ با د (آ ئی این پی)ملک بھر میں الیکشن لڑنے کے رجحان میں غیر معمولی کمی واقع ہوئی ہے۔ الیکشن کمیشن کے ذرائع کا کہنا ہے کہ 2013 کے مقابلے میں 2018 کے عام انتخابات کیلئے کاغذات نامزدگی جمع کرانیوالے افراد کی تعداد کم ہوئی ہے۔تفصیلات کے مطا بق
گزشتہ انتخابات کے مقابلے میں آئندہ عام انتخابات کیلئے میدان میں اترنے والوں کی تعداد میں 7 ہزار کی کمی واقع ہوئی ہے۔ الیکشن کمیشن کے ذرائع کا کہنا ہے کہ 2013 میں 28302 افراد نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے، جب کہ آئندہ عام انتخابات کے لیے 21482 افراد نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ عام انتخابات میں حصہ لینے کے حوالے سے عدم دلچسپی کا بڑا سبب سخت انتخابی قوانین اور بھاری فیسیں ہیں۔ الیکشن کمیشن کا تیار کردہ سخت حلف نامہ بھی امیدواروں کے لیے مسائل پیدا کرنے کا باعث بنا ہے۔قومی اسمبلی کے لیے امیدواروں کی تعداد 7 ہزار 996 سے کم ہو کر 5 ہزار 473 رہ گئی ہے، جب کہ صوبائی اسمبلیوں کے امیدوار 18 ہزار 825 سے گھٹ کر 13 ہزار 693 رہ گئے ہیں۔ قومی اسمبلی میں خواتین کے لئے مختص نشستوں پر امیدواروں کی تعداد 350 سے بڑھ کر 436 ہوگئی اور صوبائی اسمبلیوں میں یہ تعداد 821 سے بڑھ کر 1255 ہوگئی ہے۔ قومی اسمبلی کے لیے اقلیتی امیدواروں کی تعداد میں کوئی تبدیلی نہیں آئی۔ اس بار بھی 154 امیدوار سامنے آئے ہیں۔ صوبائی اسمبلیوں میں اقلیتی امیدواروں کی تعداد 310 سے بڑھ کر 471 ہوگئی ہے۔