ملتان(آ ئی این پی)عام انتخابات کیلئے امیدواروں کے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کے آخری روز ملتان میں این اے 155 سے جاوید ہاشمی اور پی پی 217 سے مخدوم شاہ محمود قریشی سمیت متعدد امیدواروں کے کاغذات نامزدگی منظور کر لیے گئے ہیں۔منگل کو کاغذات کی جانچ پڑتال کے آخری روز متعدد امیدواروں کے کاغذات کی جانچ پڑتال کی گئی۔این اے 155 سے امیدوار عامرڈوگر، جاوید ہاشمی اور طارق رشید سمیت متعدد امیدواروں کے کاغذات منظور کرلیے گئے ہیں۔ تحریک انصاف ٹکٹ ہولڈر عامر ڈوگر کا کہنا ہے کہ میرے کاغذات پر
کسی اور نے نہیں بلکہ میری اپنی پارٹی کے عہدیداروں نے اعتراضات لگائے۔آخری روز ضلع کچہری میں کاغذات کی جانچ پڑتال کیلئے امیدواروں کی آمد کا سلسلہ جاری رہا۔ این اے 158 کیلئے سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی اور مخدوم جاوید ہاشمی نے شجاع آباد میں اپنے کاغذات کی جانچ پڑتال کروائی، جبکہ لیگی امیدوار شہزاد مقبول بھٹہ کے کاغذات پر لگنے والے جعلی ڈگری کے حوالے سے اعتراضات کو بھی مسترد کردیا گیا۔کاغذات منظور ہونے پر امیدوار ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے ڈالتے رہے اور اپنی جیت کیلئے پر امید بھی دکھائی دیئے۔