کراچی(این این آئی)سول ایوی ایشن اتھارٹی نے طیارے میں بھیک مانگنے کے واقعے کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس طرح کا واقعہ پاکستان کے کسی ائیر پورٹ پر پیش نہیں آیا۔تفصیلات کے مطابق گزشتہ دنوں ایک بھکاری کے طیارے میں مسافروں سے بھینک مانگنے کی ویڈیو سامنے آئی جو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی۔اس ویڈیو سے متعلق کہا جارہا تھا کہ یہ کسی پاکستانی ائیرلائن کی ہے اور یہ واقعہ کراچی ائیرپورٹ پر پیش آیا۔سوشل میڈیا صارفین نے روایتی طور پر
تصدیق اور تحقیق کیے بغیر ویڈیو شیئر کی جس پر سول ایوی ایشن اتھارٹی کا رد عمل سامنے آیا ۔ترجمان سول ایوی ایشن اتھارٹی کے مطابق طیارے میں بھیک مانگنے کا واقعہ پاکستان کے کسی ائیر پورٹ پر پیش نہیں آیا، میڈیا میں خبر آئی کہ واقعہ کراچی ائیرپورٹ پر پیش آیا جو غلط ہے۔ایوی ایشن ذرائع نے بتایا کہ طیارے میں بھیک مانگنے کا واقعہ قطر ائیرویز کی پرواز میں پیش آیا جہاں دوحہ سے شیراز جانے والی پرواز میں ایرانی مسافر نے بھیک مانگی۔