کراچی(این این آئی) محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ ہفتہ 16 جون سے ملک میں پری مون سون بارشوں کا آغاز ہوگا۔محکمہ موسمیات کے مطابق جمعے سے نم ہوائیں ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں میں داخل ہوں گی جو گرج چمک کے ساتھ بارش کا سبب بنیں گی۔عیدالفطر کے دنوں میں اسلام آباد، بالائی پنجاب، خیبر پختونخوا، فاٹا اور کشمیر میں کہیں کہیں بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ جمعے کو ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم شدید گرم اور خشک رہے گا جب کہ کشمیر، ملحقہ پہاڑی علاقوں میں چند ایک مقامات پر بارش کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق 15 جون کو ہزارہ ڈویژن اور گلگت بلتستان میں چند ایک مقامات پر بارش متوقع ہے ٗ ساہیوال ڈویژن میں بھی بعض مقامات پر بارش ہوسکتی ہے۔