اسلام آباد (این این آئی) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہاہے کہ پاکستانی ادارے کمزور ہیں اور الیکشن کے بعد اس مسئلے کے حل کیلئے کام کریں گے ٗ تحریک انصاف الیکشن میں بھرپور کامیابی حاصل کریگی ٗریاستی ادارے کمزور ہونے کے باعث ہم اتنا ریونیو اکٹھا نہیں کرسکتے جو انسانوں کی فلاح و بہبود پر خرچ کر سکیں ٗدوبڑی پارٹیوں کی پالیسیوں نے امیروں کو مزید امیر اور غریبوں کو غریب تر بنا دیا ہے ٗنواز شریف کچھ نہیں تھے، انہیں فوج نے وزیراعلیٰ
اور وزیراعظم بنا دیا، بلاول بھٹو زرداری کو علم ہی نہیں کہ پاکستان میں کیا ہورہاہے۔برطانوی نشریاتی ادارے کو دئیے گئے انٹرویو میں پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا کہ پاکستانی ادارے کمزور ہیں اور الیکشن کے بعد اس مسئلے کے حل کیلئے کام کریں گے تاہم انہیں مضبوط کرنا ہر حکومت کی ترجیح ہونی چاہیے، ریاستی ادارے کمزور ہونے کے باعث ہم اتنا ریونیو اکٹھا نہیں کرسکتے جو انسانوں کی فلاح و بہبود پر خرچ کر سکیں اور یہ دو بنیادی مسائل ہیں۔ انہوں نے کہاکہ 2 بڑی پارٹیوں کی پالیسیوں نے امیروں کو مزید امیر اور غریبوں کو غریب تر بنا دیا ہے، گزشتہ 30 سالوں کے دوران امیر اور غریب کے درمیان فرق بہت بڑھ گیا ہے۔عام انتخابات سے قبل سروے پر عمران خان نے کہا کہ سروے اکثر گمراہ کن ہوتے ہیں، ووٹر جب ووٹ دینے کے لیے ذہن بناتا ہے تو اصل تبدیلی تب آتی ہے، ہم سمجھتے ہیں کہ یہ وہ وقت ہے جب تحریک انصاف الیکشن میں بھرپور کامیابی حاصل کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ میں جیسے بھی مکان میں رہوں، وہ میری جائز کمائی سے بنایا گیا ہے، اگر میں ایسے رہتا ہوں جیسے میرا دل چاہتا ہے تو یہ میرا حق ہے۔عمران خان نے نواز شریف اور بلاول بھٹو زرداری کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ نواز شریف کچھ نہیں تھے، انہیں فوج نے وزیراعلیٰ اور وزیراعظم بنا دیا، بلاول بھٹو زرداری کی بات نظر انداز کی جا سکتی ہے، انہیں علم ہی نہیں کہ پاکستان میں کیا ہورہا ہے ٗ میں نے 22 سال جدوجہد کی ہے۔عمران خان نے کہا کہ پاکستان اور امریکا کے درمیان خوشگوار تعلقات اہم ہیں تاہم امریکی صدر ٹرمپ کی جانب سے افغان جنگ میں ہار کا ذمہ دار پاکستان کو قرار دینے سے پاکستانی عوام کو صدمہ ہوا۔