اسلام آباد(آن لائن)رواں مالی سال 2017۔18ء کے ابتدائی 10 ماہ جولائی تا اپریل کے دوران پاک چین باہمی تجارت کاحجم 10.766 ار ب ڈالر سے تجاوز کر گیا ہے۔ادارہ برائے شماریات کے مطابق جاری مالی سال کے پہلے 10 مہینوں کے دوران چین سے 9.322 ارب ڈالر کی درآمدات کی گئی ہیں جبکہ پاکستانی درآمدات کاحجم 1.444 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا ہے اس طرح جاری مالی سال کے دوران پاکستان کو 7.878 ارب ڈالر
کے تجارتی خسارہ کا سامنا ہے۔پی بی ایس کے مطابق گزشتہ مالی سال 2016۔17ء کے دوران پاک چین دو طرفہ تجارت کا حجم 9.215 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا جس میں چین سے کی جانے والی درآمدات کا حجم 7.850 ارب ڈالر جبکہ قومی برآمدات کا حجم صرف 1.365ارب ڈالرریکارڈ کیا گیا تھا،اس طرح گزشتہ مالی سال میں پاک چین دو طرفہ تجارت میں پاکستان کو 6.485 ارب ڈالر کے تجارتی خسارہ کا سامنا تھا۔