اسلام آباد (این این آئی)متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے رہنما رشید گوڈیل نے تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کردیا۔ اتوار کو ایم کیو ایم کے سابق رہنما رشید گوڈیل نے بنی گالہ میں پارٹی چیئرمین عمران خان سے ملاقات کی جس میں انہوں نے باضابطہ طور پر پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا۔ اس موقع پر پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان نے کہا کہ رشید گوڈیل بھائی کی تحریک انصاف میں شمولیت کی بے حد خوشی ہے، خوشی اس لیے ہے کہ کراچی میں کوشش کررہے ہیں وہ رزلٹ دیں تا کہ تبدیلی لاسکیں۔ انہوں نے
کہا کہ کراچی پاکستان کا فنانشل حب ہے اور کراچی اٹھ نہیں رہا، اس لیے پاکستان بھی اوپر نہیں جارہا لہذا کراچی کو تبدیلی کی اشد ضرورت ہے۔انہوں نے کہاکہ رشید گوڈیل کے آنے سے کراچی کو پرانی ٹیم کے ساتھ مل کر منظم کریں گے اور آنے والے انتخابات میں تحریک انصاف کراچی میں سب سے زیادہ ووٹ لینے والی پارٹی ہوگی۔یاد رہے کہ ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما رشید گوڈیل 18 اگست 2015 کو کراچی میں قاتلانہ حملے میں شدید زخمی ہوگئے تھے جس کے بعد سے وہ اسلام آباد میں مقیم ہیں ٗ