اسلام آباد (نیوز ڈیسک) عمران خان کی سابق اہلیہ ریحام خان کی کتاب ابھی منظر عام پر نہیں آئی مگر اس کے چرچے زبان زدعام ہیں۔ کہا یہ جا رہا ہے کہ ریحام خان نے یہ کتاب عمران خان کی ذات پر کیچڑ اچھالنے اور انہیں سیاسی طور پر نقصان پہنچانے کے لیے لکھی ہے۔ اس حوالے سے گلوکار سلمان احمد نے ایک نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میرا فرض بنتا ہے کہ جو سچ میں جانتا ہوں میں وہ پوری قوم کو بتاؤں،
انہوں نے کہا کہ رمضان کا مہینہ ہے اور اللہ گواہ ہے لہٰذا میں جو کچھ کہوں گا سچ ہی کہوں گا، میری پہلی مرتبہ ریحام خان سے ملاقات 2014ء میں ہوئی۔ سلمان احمد نے بتایا کہ میں ریحام کو ہرگز نہیں جانتا تھا مگر ریحام خان نے مجھ سے تیزی سے دوستی بڑھائی۔ سلمان احمد نے نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ریحام خان مجھے ایک ڈنر پر ملیں، جب انہیں علم ہوا کہ میں پاکستان میں پولیو کے خاتمے کے لیے کام کر رہا ہوں تو انہوں نے خود مجھے پیشکش کی کہ میں آپ کے ساتھ کام کرنا چاہتی ہوں۔ ریحام خان نے کہا کہ آپ جب میڈیا میں جائیں گے تو میں آپ کے ساتھ ہوں گی، آپ اگر خیبرپختونخوا جائیں گے تو میں آپ کے ساتھ جاؤں گی مجھے پشتو آتی ہے، سلمان احمد نے کہا کہ مجھے کافی عجیب لگا کیونکہ ہماری ثقافت میں خواتین خود کو اس طرح سے آگے نہیں کرتیں جس طرح ریحام خان نے کوشش کی، سلمان احمد نے کہا کہ میں نے محسوس کیا کہ ریحام میری مدد کرنے کی کوشش کر رہی ہیں تو میں نے اس سے متعلق جو ویڈیو بنائی تب بھی ریحام خان میرے ساتھ خیبرپختونخوا کے دورے پر گئیں۔ سلمان احمد نے کہا کہ مجھے ایسا لگا کہ وہ پولیو سے متاثرہ لوگوں کے لیے کام کرنا چاہتی ہیں مگر ان کا اصل مقصد کچھ اور ہی تھا کیونکہ ریحام خان جانتی تھیں کہ میں عمران کے بہت قریب ہوں اس لیے وہ میرے ذریعے عمران خان کے قریب آنا چاہتی تھیں، سلمان احمد نے بتایا کہ جب دھرنا ہوا تو اس وقت ریحام خان نے مجھے بار بار ایس ایم ایس اور فون کیے کہ عمران خان کا انٹرویو کروا دو،
میں صحافی ہوں، سلمان احمد نے کہا کہ جس پر میں عمران خان سے پوچھا تو انہوں نے کہا کہ میں صرف پانچ منٹ دے سکتا ہوں، اس موقع پر ریحام خان نے عمران خان کا انٹرویو کیا اور ان سے بحیثیت صحافی ہی پیش آئیں۔ سلمان احمد نے نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جب ریحام خان کو طلاق ہو گئی تو انہوں نے مجھے بہت ای میلز اور میسجز بھیجے تاکہ میں ریحام خان کے ساتھ مل کر عمران خان پر کیچڑ اچھالوں جس کے بدلے میں وہ ن لیگ کے ٹاپ لیڈر کے ساتھ مل کر میری مدد کریں گی۔ سلمان احمد نے کہا کہ میں نے ریحام خان کی اس پیشکش کا کوئی جواب نہیں دیا مگر ریحام خان کا ای میل اور ٹوئیٹر پیغام میرے پاس محفوظ ہے،
سلمان احمد نے کہا کہ ریحام خان ایک بہت چالاک خاتون ہیں، سلمان احمد نے کہا کہ میں خواتین کے بارے میں زیادہ گفتگو نہیں کرنا چاہتا مگر ریحام خان کچھ لوگوں کے ساتھ مل کر، مسلم لیگ ن کے لوگوں کے ساتھ مل کر الیکشن سے قبل عمران خان پر کیچڑ اُچھالنا چاہ رہی ہیں۔ میں ایسا ہرگز برداشت نہیں کر سکتا میں لوگوں کو سچ بتاؤں گا۔ سلمان احمد نے دوران گفتگو بتایا کہ جب ڈاکٹر عامر لیاقت نے تحریک انصاف میں شمولیت کی تو میں نے تنقید کی جس پر ریحام خان نے یہ سمجھا کہ مجھے شاید خریدا جا سکتا ہے، سلمان احمد نے کہا کہ جس دن ریحام خان نے مجھے پیغام بھیجا اسی دن ن لیگ کے ایک اعلیٰ عہدیدار نے بھی مجھے پیغام بھجوایا اور مجھ سے حمایت کرتے ہوئے کہا کہ ہم آپ کی جو مدد کر سکے کریں گے لیکن آپ عمران خان کے خلاف ہمارے ساتھ کھڑے ہوں۔