جوہرآباد (مانیٹرنگ ڈیسک) فاروق بندیال نے تحریک انصاف میں شمولیت کے بعد نکالے جانے کے بعد آزاد انتخابات لڑنے کا اعلان کر دیا ہے، ایک نجی ٹی وی چینل کی رپورٹ کے مطابق معروف ٹرانسپورٹر ملک فاروق بندیال نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 93 خوشاب سے آزاد حیثیت سے انتخاب لڑنے کا اعلان کردیا ہے۔ فاروق بندیال نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ تحریک انصاف کے نظریات، پالیسیوں اور پارٹی کے چیئرمین عمران خان کی شخصیت سے متاثر ہوکر تحریک انصاف میں شامل ہوئے
تھے لیکن 80 کی دہائی کے ایک واقعہ کو بنیاد بنا انہیں پارٹی سے الگ کر دیا گیا، فاروق بندیال نے اس موقع پر کہا کہ یہ چالیس سال قبل کا واقعہ ہے جب زمانہ طالب علمی تھا، جس میں گینگ ریپ کا الزام بھی جھوٹا تھا، فاروق بندیال نے کہا کہ اس واقعہ کے بعد میں نے اپنی ساری زندگی خدمت خلق میں گزاری ہے، انہوں نے کہا کہ میرے حلقہ کے عوام زندگی کی بنیادی سہولیات سے محروم ہیں میں نے اپنے حلقے کے عوام کے مسائل حل کرنے کے لیے آزاد حیثیت سے انتخاب لڑنے کا فیصلہ کیا ہے۔