پشاور(این این آئی) فاٹا اور خیبرپختونخوا میں آئندہ دس روز کے دوران بارش کا کوئی امکان نہیں۔محکمہ موسمیات کے مطابق خیبرپختونخوا اور فاٹا میں آئندہ دس روز کے دوران موسم گرم اور خشک رہے گا۔محکمہ موسمیات کے مطابق پشاور میں آج درجہ حرارت کم سے کم 24 جبکہ زیادہ سے زیادہ 44 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔محکمہ کے مطابق خیبرپختونخوا اور فاٹا میں آئندہ دس روز کے دوران بارش کا کوئی امکان نہیں
البتہ گرمی کی شدت میں اضافے کا خدشہ ہے۔یاد رہے کہ چند روز قبل پی ڈی ایم اے نے پشاور سمیت مردان، چارسدہ، نوشہرہ، کوہاٹ، کرک، بنوں، کی مروت اور ڈی آئی خان میں ہیٹ سٹروک کا خدشہ ظاہر کیا تھا اور اس حوالے سے اضلاع کی انتظامیہ کو آگاہی مہم چلانے کی تاکید کی تھی۔ماہرین صحت کے مطابق ہیٹ سٹروک سے بچاؤ کیلئے شدید گرمی میں گھر سے باہر جانے سے گریز ضروری ہے جبکہ گرمی میں کام کرنے پر مجبور لوگوں کو گیلی چادر یا رومال سر پر رکھ کر ہی کام کرنا چاہیے۔پشاور سمیت خیبرپختونخوا کے اکثر اضلاع میں گرمی کا پارہ مزید بڑھ گیا،پشاورسمیت دیگر اضلاع میں درجہ حرارت43درجہ سنٹی گریڈ تک پہنچ گئی،گرمی کے باعث بچوں میں پیٹ کے امراض میں اضافہ ہوگیا۔مقامی ہسپتال میں گیسٹرو امراض بچوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے،پشاور اور اس کے مضافات میں گرمی کی شدت میں اضافے سے معمولات زندگی مفلوج ہو گئے ہیں محکمہ موسمیات کے مطابق بدھ کے روز تک پارہ 44 اور 45 تک رہے گا جبکہ گرمی کے باعث بچوں میں پیٹ کے امراض میں اضافہ بھی ہو گیا ہے جس کی وجہ سے اسپتالوں میں گیسٹرو امراض میں مبتلا بچوں کا رش بڑھ گیا بچوں کا رش بڑھنے سے وارڈ میں بیڈز کم پڑ گئے ہسپتال ترجمان کے مطابق لیڈی ریڈنگ اسپتال میں روزانہ 400 تک بچے لائے جا رہے ہیں پیٹ کے امراض میں مبتلا بیشتر بچوں کا تعلق دیہی علاقوں سے ہیں۔