اسلام آباد (آن لائن) وفاقی دارالحکومت کے حلقہ این اے 53اور54میں مسلم لیگ (ن) کے ٹکٹوں کی تقسیم پر مقامی قیادت اوربلدیاتی نمائندوں کے انجم عقیل خان کے ساتھ اختلافات کھل کر سامنے آگئے۔مقامی قیادت اور(ن)لیگ کے منتخب بلدیاتی نمائندوں نے این اے 54سے مسلم لیگ (ن) کے ممکنا امیدوارانجم عقیل خان کی کھل کر مخالفت کرتے ہوئے انہیں مسترد کردیاہے۔
ان کا کہنا ہے کہ انجم عقیل خان ایک متنازعہ شخصیت ہے جو2013کے ضمنی انتخ ابات اور2015کے بلدیاتی انتخابات میں مسلم لیگ ن کے ٹکٹ ہولڈرز کی شکست کا باعث بنا جبکہ انجم عقیل نے ضمنی انتخابات میں تحریک انصاف کے امیدوار اسد عمر کی کمپین چلاکر انہیں جتوایا اور پارٹی کی ساکھ کو بھی نقصان پہنچایا۔اس حوالے سے جمعہ کو مقامی ہوٹل میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی میئر اعظم خان،ذیشان علی نقوی، جنرل سیکرٹری مسلم لیگ (ن)وممبر میٹروپولیٹن کارپوریشن ایم ساجد عباسی نے دونوں حلقوں سے اپنے امیدواروں حلقہ این اے 53سے ساجد عباسی ،اوراین اے 54سے سید ذیشان نقوی،حفیظ الرحمان ٹیپو،ملک نور اعوان اورملک ربنوازکے ناموں کا اعلان کر دیا ہے۔اس موقع پر انہوں نے کہا کہ انجم عقیل خان ایک انتہائی متنازعے شخصیت کے مالک ہیں جس نے ضمنی انتخابات 2013اوربلدیاتی انتخابات 2015میں ن لیگ کے ٹکٹ ہولڈرز کی مخالفت میں انتخابی مہم چلائی جس سے پارٹی کو نقصان پہنچا جبکہ انجم نے تحریک انصاف کے امید واور اسد عمر کی بھر پور کمپین چلائی جس کے نتیجہ میں مسلم لیگ ن کو اس حلقے سے شکست کا سامنا کرنا پڑ ا۔ایسا متنازعہ شخص کسی بھی صورت میں پارٹی ٹکٹ کا حقدار نہیں ہوسکتا جو پارٹی کی شکست کا ذمہ دار ہو۔انہوں نے کہا کہ ہم سب اپنے قائد نوازشریف کی قیادت میں متحد ہیں ،ووٹ کو عزت دو کا بیانہ پر پارٹی کارکنان خون کا آخری قطرہ تک بہا دیں گے تاہم انجم عقیل خان کو کسی صورت سپورٹ نہیں کیاجائے گا۔
انہوں نے کہا کہ انجم عقیل نے گزشتہ عام انتخابات میں ہی عوامی پذیرائی کھو دی ہے۔انہوں نے کہا کہ 4جون کو حلقہ این اے 54میں انجم عقیل خان نے اسلام آباد کے ڈپٹی میئر ز ،چیئر مینوں ،پارٹی تنظیموں اورمنتخب بلدیاتی نمائندوں سے مشاورت کئے بغیر ہی ورکر کنونشن اور اورجلسے کا اعلان کردیا ہے جس میں پارٹی کے قائد میاں محمد نواز شریف کی آمد متوقع ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہم اپنے قائد کو اپنے شہر میں آنے پر ان کا الگ سے کسی مقام پر اپنااستقبالی کیمپ لگا کر استقبال کریں گیا۔
اس موقع پر دودنوں ڈپٹی میئرزسمیت ،ن لیگی چیئر مینوں ،صدر مسلم لیگ ن جاپان ملک نور اعوان ،یونین کونسل چیئر مین سردار مہتاب،حاجی گلزاز،ملک رضوان ،ذکی خان،،غضنفر خان،سٹی صدراسلام آباد عظمت ،یوتھ صدر ونگ یاسر عباسی ،صدر ایم ایس ایف عبید قریشی،جنرل سیکرٹری ایم ایس ایف،صدرے ٹریڈ یونین ز ونگ اختر شیخ ،جنر ل سیکرٹری ٹریڈ ونگ نوید ملک،کونسل اتحاد کے بانی عرفان کاکا خیل سمیت درجنوں مقامی قیادت اورعہدیداروں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔