لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک) سینئر سیاسی رہنما سردار ذوالفقار کھوسہ نے تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کر لی، ایک نجی ٹی وی چینل کی رپورٹ کے مطابق ن لیگ کے ناراض رہنما سردار ذوالفقار کھوسہ تحریک انصاف میں شامل ہو گئے ہیں تاہم دوست محمد کھوسہ کو تحریک انصاف نے پارٹی میں شامل کرنے سے انکار کردیا ہے۔
سینئر سیاسی رہنما سردار ذوالفقار کھوسہ کو تحریک انصاف کے رہنما جہانگیر ترین کئی دن سے تحریک انصاف میں شامل ہونے کے لیے قائل کر رہے تھے۔ ذوالفقار کھوسہ کے ماننے کے بعد عمران خان دیگر پارٹی رہنماؤں کے ہمراہ لاہور میں ان کی رہائش گاہ پہنچے۔ اس طرح تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان سے ملاقات کے دوران سردار ذوالفقار کھوسہ نے تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کر دیا۔ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے اس موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ (ن) میں ذوالفقار کھوسہ کا ایک مقام تھا، ہم انہیں تحریک انصاف میں آنے پر خوش آمدید کہتے ہیں، میڈیا ذرائع کے مطابق اس موقع پر ذوالفقار کھوسہ کے بیٹے اور سابق وزیراعلیٰ پنجاب دوست محمد کھوسہ نے بھی تحریک انصاف میں شامل ہونے کی خواہش کا اظہار کیا لیکن تحریک انصاف نے انہیں پارٹی میں شامل کرنے سے انکار کر دیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ سپنا کیس کے حوالے سے دوست محمد کھوسہ پر الزامات ہونے کی وجہ سے انہیں پارٹی میں شامل نہیں کیا گیا۔ یاد رہے کہ اپنے آبائی علاقے میں روایتی حریف فاروق لغاری مرحوم کے بیٹے اویس لغاری کی ن لیگ میں شمولیت کی وجہ سے ان کے پارٹی قیادت سے شدید اختلافات ہو گئے تھے، سینئر سیاسی رہنما ذوالفقار کھوسہ پنجاب کے گورنر بھی رہے ہیں اور ان کا شمار ن لیگ کے مرکزی رہنماؤں میں ہوتا تھا۔ سینئر سیاسی رہنما سردار ذوالفقار کھوسہ نے تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کر لی تاہم دوست محمد کھوسہ کو تحریک انصاف نے پارٹی میں شامل کرنے سے انکار کردیا ہے۔