کراچی(این این آئی)عام انتخابات میں ڈیوٹی انجام دینے والے سندھ کے 2 لاکھ سے زائد سرکاری افسران وملازمین سے سیاسی وابستگی نہ رکھنے کا حلف نامہ طلب کرلیا گیا،ڈپٹی ریٹرننگ آفیسرز کی ذمہ داریوں کے لیے منتخب ہونے والے 29 سیشن ججز سے بطور ڈسڑکٹ ریٹرننگ افسران شفاف انتخابات کے انعقاد کے لیے کوشش اورسیاسی وابستگی نہ رکھنے کا حلف لیا گیا۔
الیکشن کمشنر سندھ محمد یوسف خٹک نے کہا کہ 2018 کے عام انتخابات میں صوبے بھر میں 17 ہزار 627 پولنگ اسٹیشنز قائم کئے گئے ہیں جبکہ تقریبا دو لاکھ سے زائد عملے کو تربیت بھی دی جائے گی۔کراچی کے مقامی ہوٹل میں الیکشن 2018 کے حوالے سے ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران کے لئے ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا۔ کراچی سمیت سندھ کے تمام ڈی آر اوز نے ورکشاپ میں شرکت کی ۔اس موقع پر صوبائی الیکشن کمشنر محمد یوسف نے عام انتخابات میں ڈپٹی ریٹرننگ آفیسرز کی ذمہ دارایاں نبھانے والے 29 سیشن ججز سے بطور ڈسڑکٹ ریٹرننگ افسران حلف لیا۔صوبائی الیکشن کمشنر نے صحافیوں سے گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ بدھ کوصوبہ سندھ کے تمام ڈی آر اوز کی تربیت اور آگاہی کے لئے الیکشن کمیشن کی جانب سے ورکشاپ منعقد کی گئی ۔تمام انتظامات کو حتمی شکل دی جاچکی ہے اور عام انتخابات کی سیکورٹی کے لئے موئثر پلان ترتیب دیا جاچکا ہے ۔ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ الیکشن ریفارمز کے بعد یہ پہلی مرتبہ ہوا ہے کہ ڈی آر اوز نے حلف اٹھایا ہے جبکہ الیکشن ہر لحاظ سے شفاف اور غیر جانبدارانہ ہوں گے۔