لاہور(سی پی پی )لاہور کو ایک نئی پہچان دینے والی اورنج لائن میٹرو ٹرین آج آزمائشی سفر شروع کرے گی اور شہری بغیر ٹکٹ بھی لطف اندوز ہوں گے۔ لاہور میں اورنج ٹرین بدھ کو دوسری مرتبہ آزمائش کے لیے ٹریک پر آئے گی جس کے لیے شہر بغیر ٹکٹ حاصل کیے ڈیرہ گجراں سے لکشمی چوک تک سفر کریں گے۔ اورنج ٹرین کے آزمائشی سفر کے لیے مختلف اسٹیشنز کو سجا دیا گیا ہے اور ٹریک کے اطرف رنگا رنگ پودے رکھے گئے ہیں
جو دلکش منظر پیش کررہے ہیں۔ ڈیرہ گجراں سے چلنے والی اورنج ٹرین لکشمی چوک پہنچے گی جہاں مسلم لیگ (ن)کی جانب سے جلسے کا بھی اہتمام کیا گیا ہے جس سے وزیراعلی پنجاب شہباز شریف خطاب کریں گے۔ اورنج ٹرین منصوبے کی اسٹیئرنگ کمیٹی کے چیئرمین خواجہ احمد حسان نے بتایا کہ اس سے قبل 26 فروری کو ٹرین آزمائشی طور پر چلائی گئی تھی تاہم اس وقت سفر بہت محدود تھا تاہم آج ہونے والے آزمائشی ٹرائل میں ٹرین 11 کلو میٹر سفر طے کرے گی۔