اسلام آباد(آن لائن) نواز شریف پر جوتے سے حملہ اور احسن اقبال پر فائرنگ کے واقعہ کو لیگی پارٹی نے جلسوں میں ذکر نہ کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے ۔ رائیونڈ میں ہونے والی لیگی بیٹھک میں سینئر رہنماؤں نے مشورہ دیا ہے کہ آئندہ الیکشن میں جلسے جلوسوں میں ’’ختم نبوت‘‘ ایکٹ میں ترمیم کے ایشو پر انہیں نشانہ بنایا جا سکتا ہے اگر نواز شریف ، احسن اقبال پر حملوں کا تذکرہ بار بار کیا جائے گا تو یہ معاملہ بڑی تیزی سے ملک کے کونے کونے میں پھیل جائے گا جس سے مزید
حملوں کا امکان ہے ۔ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ متعدد لیگی رہنماؤں نے اکیلے میں ہی الیکشن مہم چلانے کا فیصلہ کیا ہے اور انہوں نے مریم نواز ، نواز شریف اور شہباز شریف کی تقریریں کرانے سے صاف انکار کیا ہے ۔ شہباز شریف نے اپنے بھائی کو کہا ہے کہ آپ کی پالیسی سے محسوس ہوتا ہے جیسا کہ آپ مسلم لیگ (ن) کی بطور صدر میری نامزدگی سے نالاں ہیں ۔ پارٹی پالیسی یہ نہیں ہے کہ اداروں کو ہدف تنقید کا نشانہ بنایا جائے ۔اس مشورہ پر نواز شریف نے بات ٹال دی ۔