لاہور( این این آئی)عمران خان کا بڑا سرپرائز،تحریک انصاف کاوفد احسن اقبال کی عیادت کیلئے سروسز ہسپتال پہنچ گیا،اہم پیغام دیدیا،تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات فواد چوہدری کی سربراہی میں تین رکنی وفد نے پارٹی سربراہ عمران خان کی جانب سے وزیر داخلہ احسن اقبال کی عیادت کیلئے سروسز ہسپتال کا دورہ کیا ، پی ٹی آئی کے رہنماؤں نےاحسن اقبال کے صاحبزادے سے ملاقات کر کے پھولوں کا گلدستہ پیش کیا اوران کے والد کی خیریت دریافت کرتے ہوئے
جلد صحتیابی کیلئے دعا اور نیک خواہشات کا اظہار کیا ۔ بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ عمران خان کی جانب سے احسن اقبال کی عیادت کرنے ہسپتال آئے تھے اور ان کے بیٹے سے ملاقات کر کے احسن اقبال کی جلد صحتیابی کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سیاست میں تشدد کی کوئی گنجائش نہیں ، سیاست کیلئے امن ہونا بنیادی شرط ہے اور تمام سیاسی جماعتیں بھی اس پر متفق ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم امن کے متلاشی ہیں اور ہمیشہ امن کاپیغام دیا ہے ۔ انتخابی مہم کا پر امن ہونا ضروری ہے کیونکہ اس واقعہ سے سیاستدانوں اور سیاسی جماعتوں میں سراسمیگی دوڑی ہے ۔ جب تک امن نہیں ہوگا سیاسی پراسس آگے نہیں بڑ ھ سکتا ۔ ابرابر الحق نے کہا کہ پارٹی چیئرمین عمران خان کی جانب سے احسن اقبال کو پھولوں کا گلدستہ پیش کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو عوام کے جذبات کا خیال رکھنا چاہیے تاکہ ایسے واقعات سے بچا جا سکے ۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کا واضح موقف ہے کہ انتخابات پر امن ماحول میں ہوں ۔ پی ٹی آئی تشدد کی سیاست پر یقین نہیں رکھتی ۔ ہم نے عمران خان سے پیار محبت اور رواداری کا سبق سیکھا ہے ۔