اسلام آباد (این این آئی)وفاقی دارالحکومت اسلام آباد ٗصوبہ پنجاب اور خیبرپختونخوا سمیت کرم ایجنسی اور شمالی وزیرستان میں وقفے وقفے سے جاری بارش نے گرمی کا زور توڑ دیا ہے ٗجہلم، فیصل آباد، چنیوٹ، گوجرہ، گجرات، ٹوبہ ٹیک سنگھ سمیت مختلف
شہروں میں بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا ہے جس سے شہریوں کے چہرے کھل اٹھے ۔محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور میں کم سے کم درجہ حرارت 22 اور زیادہ سے زیادہ 37 ڈگری رہنے کا امکان ہے اور آئندہ 24 گھنٹوں کے دوارن وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری رہے گا کرم ایجنسی اور شمالی وزیرستان کے مختلف علاقوں میں بھی بارش سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران خیبرپختونخوا، فاٹا، کشمیر اور گلگت بلتستان کے چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔دوسری جانب سندھ اور بلوچستان کے مختلف شہروں میں شدید گرمی کی لہر برقرار رہی ٗ بلوچستان کے میدانی علاقوں میں موسم شدید گرم ہے، دن بھر چمن اور گرد و نواح میں گرد آلود ہوائیں چلتی رہیں ٗسندھ میں نواب شاہ، سکھر، دادو، لاڑکانہ، پڈعیدن سمیت کئی شہروں میں سورج آگ برساتا رہا محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران کراچی میں موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے ٗ شہر کا کم سے کم درجہ حررات 25 ڈگری سینٹی گریڈ اور زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 35 سے 37 ڈگری تک بڑھنے کا امکان ہے ۔